راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے سرکاری دورۂ اردن کے دوران شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کے دوران ولی عہد حسین بن عبداللہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعلقات اور علاقائی سلامتی سے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عوام، حکومت اور پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے شاہ عبداللہ دوم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اردن کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
شاہ عبداللہ دوم نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے اردن کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف احمد الحنیطی سے بھی ملاقاتیں کیں۔ فیلڈ مارشل کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ ملاقاتوں میں دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک نے مسلح افواج کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔





