سیلاب پر عالمی برادری سے بات نہ کرنا افسوسناک ہے، مراد علی شاہ

0
165

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے معاملے پر عالمی برادری سے بات نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ دنیا کے بدلتے حالات میں ہمیں مل کر چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔

مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی لیڈرشپ کانفرنس سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کا دل ہے اور صوبہ سندھ موجودہ معاشی و ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے پھیلاؤ، کے فور منصوبے کی جلد تکمیل، اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ پر خصوصی توجہ دی ہے۔ سندھ ایجوکیشنل وکیشنل اتھارٹی کے تحت اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام جاری ہے جبکہ میپ کے تعاون سے سرکاری افسران کی تربیت کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے۔

مراد علی شاہ نے مینجمنٹ ایسوسی ایشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے مینجمنٹ کے شعبے میں پروفیشنلز کو آگے لانے اور ورکشاپس کے ذریعے تربیت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حالیہ سیلاب پر بدمزگی پیدا نہیں ہونی چاہیے تھی بلکہ دنیا کو پاکستان کی مدد کے لیے متوجہ کیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں میں زیادہ تر نقصان کچے کے علاقوں میں ہوا، باقی علاقے محفوظ رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا کی صدر مملکت سے ملاقاتوں پر حیرت نہیں ہونی چاہیے، یقیناً حالات کے مطابق بات چیت ہو رہی ہے۔

پنجاب میں سیلاب سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زرعی ایمرجنسی اور کاشتکاروں کی بحالی کے لیے جو تجاویز دی تھیں، وہ انتہائی مثبت اقدام تھا اور وفاق و پنجاب حکومت ان پر عمل کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے سیلابوں میں بھی عالمی برادری سے تعاون حاصل کیا گیا، مگر اس بار اس پر بات نہ کرنا ناقابلِ فہم ہے۔

مراد علی شاہ نے سندھ میں صحافی کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں اور متاثرہ خاندان سے مکمل ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا