جرمنی نے پاکستان کے لیے 114 ملین یورو (11 کروڑ 40 لاکھ یورو) کا ترقیاتی پیکج اعلان کیا ہے، جو 2025-2026 کے دوران مالی اور تکنیکی تعاون کی مد میں فراہم کیا جائے گا۔ یہ پیکج ماحولیاتی تحفظ، توانائی، پائیدار اقتصادی ترقی، فنی تربیت، اور سماجی تحفظ جیسے اہم شعبوں پر مرکوز ہوگا۔
پاکستان اور جرمنی کے درمیان دو طرفہ ترقیاتی تعاون کے حوالے سے مذاکرات اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے، جن کی مشترکہ صدارت سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جرمنی کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹین ٹوئٹسکے نے کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی سفیروں نے باہمی تعلقات اور تعاون کے عزم کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔
سیکرٹری اقتصادی امور نے جرمنی کے تعاون کی سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون پاکستان کے اقتصادی منصوبے “اڑان پاکستان” سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ جرمنی نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی، اقتصادی استحکام اور سماجی شمولیت کے مسائل پر پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔
مذاکرات کا اگلا دور 2027 میں برلن میں منعقد ہوگا۔






