بنوں واقعہ پی ٹی آئی نے خود کیا، وزیر اطلاعات

0
247

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی ایک دہشتگرد جماعت ہے جسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، پیپلزپارٹی سے اس معاملے پر مشاورت جاری ہے جبکہ آرٹیکل 6 کے معاملے پر انہوں نے حکومت کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے ملک میں ہمیشہ انتشاراور تشدد کی سیاست کی، عدم استحکام پیدا کرنا ہی ان کا منشور ہے، 2014 میں دھرنے کے دوران پی ٹی وی پر حملے اور توڑ پھوڑ کے بعد مبارکبادیں دی گئیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ یہ لوگ ہمیشہ لاشوں کی تلاش میں رہتے ہیں، ان کی کوشش رہی کہ اپنے لوگوں کو مروا کرالزام حکومت پر لگایاجائے۔

انہوں نے کہاکہ بنوں میں تاجروں کا امن مارچ تھا، اس میں سیاسی جماعتوں کے لوگ شامل ہوئے، اور وہاں پی ٹی آئی نے لوگوں کو تشدد پر اکسایا۔

عطا تارڑ نے کہاکہ امن مارچ میں موجود کچھ شر پسند عناصر نے اس جگہ پر جاکر فائرنگ کی جہاں کچھ روز قبل دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان کو جیل میں جدید سہولیات میسر ہیں، حکومت نے انہیں جیل میں اذیت پہنچانے کا کوئی حکم نہیں دیا۔

عطا تارڑ نے کہاکہ جرمنی میں پاکستانی قونصلیٹ پر حملے کے واقعہ پر دفترخارجہ نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، اور جرمن حکام سے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ہم سبز ہلالی پرچم کا دفاع کرنا جانتے ہیں، اگر اس واقعہ میں کوئی پاکستانی ملوث ہوا تو اس کا پاسپورٹ منسوخ کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اسد قیصر ہوا میں تیر نہ چلائیں، بتائیں کہ ان کے ایم این ایز سے کون رابطہ کررہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی ملک کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، ہم وطن کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں دہشتگردوں کو افغانستان سے واپس لاکر یہاں بسایا جس کی وجہ سے آج دہشتگردی ہورہی ہے۔

انٹرنیٹ سروس کی بندش سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عطااللہ تارڑ نے کہاکہ انٹرنیٹ کا معاملہ عالمی سطح پر پیش آیا ہے، حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا