لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پنجاب تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے باقاعدہ مذاکرات کرے اور ان کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں، کیونکہ طاقت کا استعمال کسی مسئلے کا حل نہیں۔
لیاقت بلوچ نے سینیئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب سے ٹیلیفونک رابطے میں ٹی ایل پی کے جاری مارچ کے حوالے سے گفتگو کی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تک ان کا پیغام پہنچایا جائے۔
مریم اورنگزیب نے انہیں بتایا کہ حکومت پنجاب مذاکرات کے لیے رابطے میں ہے اور صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ٹی ایل پی قیادت سے بات چیت کر رہے ہیں۔
قبل ازیں اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا تھا کہ تحریک لبیک کے احتجاجی مارچ کو پرتشدد بنانے کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے، ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں اور ان کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کا بھارت کے قریب ہونا افغان عوام کی رائے کے خلاف ہے، جبکہ سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری خوش آئند اور قابلِ تحسین ہے۔






