لندن: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابق خوشدامن اور جمائما گولڈ اسمتھ کی والدہ، لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لیڈی اینابیل 11 جون 1934 کو لندن میں پیدا ہوئیں۔ ان کے چھ بچوں میں جمائما کے ساتھ سابق برطانوی ایم پی زیک گولڈ اسمتھ بھی شامل ہیں۔ ان کے دو بیٹے مختلف حادثات میں جاں بحق ہوچکے تھے، ایک مغربی افریقا میں اور دوسرے کو شیر نے ہلاک کیا تھا۔
لیڈی اینابیل کے شوہر سر جیمز گولڈ اسمتھ نے مے فئیر نائٹ کلب کا نام اپنی اہلیہ کے نام پر رکھا تھا، جہاں برطانوی شاہی خاندان کے افراد بھی آیا کرتے تھے۔
انہوں نے صرف 15 برس کی عمر میں “لیڈی اینابیل” کا خطاب حاصل کیا۔ ان کی پہلی شادی مارک برلے سے 21 برس قائم رہی، بعد ازاں 1978 میں سر جیمز گولڈ اسمتھ سے دوسری شادی کی۔
ان کے بیٹے زیک گولڈ اسمتھ کو برطانیہ میں لارڈ کا خطاب بھی دیا جاچکا ہے اور وہ 2016 میں لندن کے میئر کے انتخاب میں صادق خان کے مدمقابل تھے۔
یاد رہے کہ لیڈی اینابیل کی بیٹی جمائما نے 1995 میں عمران خان سے شادی کی تھی۔






