لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں اور کوئی ان کو جدا نہیں کر سکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی روشن صبح ضرور طلوع ہوگی۔
مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ 27 اکتوبر ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے اور اس دن کی سیاہی بھارتی قیادت کے چہرے پر نمایاں ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک ملک کا معاملہ نہیں رہا بلکہ عالمی برادری کا مسئلہ بن چکا ہے۔ پاکستان ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص سے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، اور بھارتی قیادت اسی شرمندگی کی وجہ سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سامنا کرنے سے قاصر ہے۔ اُن کے بقول امریکی صدر کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کو سراہا جانا بھارت کے لیے ایک اور ناکامی ہے۔
وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی قائم رہے گی، لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کے خون کا بدلہ ضرور ملے گا اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی صبح آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔






