پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ استنبول میں ہونے والے مذاکرات کے بعد دونوں ممالک اور افغان طالبان کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق مذاکرات 25 سے 30 اکتوبر تک ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں ہوئے، جن کا مقصد دوحہ میں 18 اور 19 اکتوبر کو طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو مضبوط بنانا تھا۔
فریقین نے جنگ بندی کے تسلسل پر رضامندی ظاہر کی ہے، جبکہ جنگ بندی کے نفاذ کے قواعد و ضوابط 6 نومبر کو استنبول میں ہونے والے مذاکرات میں طے کیے جائیں گے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ دونوں ممالک جنگ بندی کے مؤثر نفاذ کے لیے نگرانی اور تصدیق کا مشترکہ نظام تشکیل دیں گے، جو کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار فریق پر جرمانہ عائد کرنے کا اختیار رکھے گا۔
ثالثی کرنے والے ممالک ترکیہ اور قطر نے مذاکرات میں مثبت کردار پر فریقین کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔






