اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ای سی پی کے ترجمان کے مطابق سینیٹ کی یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان الحق صدیقی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر پولنگ 9 دسمبر کو ہوگی۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے بتایا کہ امیدوار 20 اور 21 نومبر کو کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ جمع کرائے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال 25 نومبر کو کی جائے گی، جبکہ منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 27 نومبر تک دائر ہوسکیں گی۔
پنجاب اسمبلی کی عمارت میں سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ 9 دسمبر صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی، جہاں پنجاب اسمبلی کے ارکان نیا سینیٹر منتخب کریں گے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی 11 نومبر کو انتقال کر گئے تھے۔






