مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کی بیس رکنی نئی کابینہ نے ایوان صدر مظفرآباد میں حلف اٹھا لیا۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی چودھری لطیف اکبر نے وزراء اور مشیروں سے حلف لیا، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
نئی کابینہ میں 18 وزراء اور 2 مشیر شامل ہیں۔ حلف اٹھانے والوں میں سردار فہیم ربانی، چودھری اخلاق، یاسر سلطان، سردار محمد حسین، نبیلہ ایوب، چودھری رشید، چودھری ارشد، جاوید بڈھانوی، جاوید ایوب، قاسم مجید، رفیق نیئر، دیوان چغتائی، ملک ظفر، ضیاءالقمر، عامر یاسین، بازل نقوی، میاں عبد الوحید اور علی شان سونی شامل ہیں۔
دو مشیروں نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا، جن سے حلف وزیراعظم نے لیا۔

ذرائع کے مطابق نئی کابینہ کی تشکیل سے حکومت کو ادارہ جاتی استحکام ملے گا اور آئندہ حکومتی اقدامات کے لیے ٹیم مکمل ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ مشاورتی مراحل مکمل نہ ہونے پر کابینہ کی حلف برداری گزشتہ روز مؤخر کر دی گئی تھی۔ ابتدا میں صرف 10 وزراء کی شمولیت کا فیصلہ تھا، تاہم اسمبلی اراکین نے یہ تجویز مسترد کر دی، جس کے بعد دو روز طویل مشاورت جاری رہی۔
مشاورت کا عمل پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور اور نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں مکمل ہوا۔ وزراء کی فہرست اور محکموں پر اتفاق رائے کے بعد آج حلف برداری کا فیصلہ کیا گیا۔






