واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دوبارہ پاکستان پر جنگ مسلط کرنے والا تھا اور انہوں نے اس ممکنہ تصادم کو روکنے میں کردار ادا کیا۔
وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے اپنی مدت کے دوران دنیا میں 8 بڑی جنگیں رکوا دیں، جن میں پاک بھارت وہ تنازع بھی شامل تھا جو دوبارہ بھڑکنے والا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت اب مثبت اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے روس یوکرین جنگ کے جلد ختم ہونے کی بھی امید ظاہر کی اور کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ تنازع اتنا طویل ہو جائے گا۔
وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں ممالک نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ان کے دیرینہ دوست ہیں اور انہیں امریکہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت میں امریکہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، جبکہ سابق جوبائیڈن انتظامیہ کو انہوں نے ’’نااہل‘‘ قرار دیا۔ ٹرمپ کے مطابق ان کی پالیسیوں کے باعث مہنگائی کم ترین سطح پر آئی اور پٹرولیم و گیس کی قیمتوں میں واضح کمی ہوئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کر چکا ہے۔






