واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈز پر نامعلوم شخص نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس کو بند کر دیا گیا جبکہ امدادی ٹیمیں اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے بتایا کہ صدر ٹرمپ کو واقعے کی مکمل بریفنگ دے دی گئی ہے اور وہ لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی نے کہا ہے کہ مختلف ایجنسیاں مل کر واقعے سے متعلق شواہد اور معلومات جمع کر رہی ہیں۔ صدر ٹرمپ نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے حملہ آور کو “وحشی” قرار دیا اور کہا کہ نیشنل گارڈ پر حملہ کرنے والا بھاری قیمت چکائے گا۔ ان کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی اور نفرت کی علامت ہے۔
فائرنگ کے بعد رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا تھا جسے بعد ازاں معمول کے مطابق بحال کر دیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق گرفتار مشتبہ شخص کی شناخت 29 سالہ افغان شہری رحمان اللہ لکنوال کے نام سے ہوئی ہے جو 2021 میں امریکہ آیا تھا۔






