مظفر آباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیراعظم منتخب ہو گئے۔
اسمبلی کے 54 میں سے 44 اراکین اجلاس میں شریک ہوئے، جب کہ ووٹنگ کے دوران 36 اراکین نے فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں ووٹ دیا۔ وہ آزاد کشمیر کے سولہویں اور موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔ نئے وزیراعظم کی حلف برداری منگل کے روز متوقع ہے۔
اس سے قبل چودھری انوارالحق کو استعفیٰ دینے کا پیغام بھجوایا گیا تھا، تاہم انہوں نے انکار کیا جس کے بعد پیپلز پارٹی نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔ تحریک عدم اعتماد سردار جاوید ایوب، چودھری قاسم مجید سمیت دیگر اراکین نے پیش کی، اور متبادل قائد ایوان کے طور پر فیصل ممتاز راٹھور کا نام دیا گیا۔
گزشتہ ماہ صدر مملکت نے چودھری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی منظوری دی تھی۔ آزاد کشمیر کا ایوان 53 ارکان پر مشتمل ہے، جہاں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے 27 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔
پیپلز پارٹی نے 26 اکتوبر کو اسلام آباد میں ایک عشائیہ رکھا تھا جس میں قانون ساز اسمبلی کے 27 ارکان شریک ہوئے۔ اسی روز پی ٹی آئی فارورڈ بلاک سے تعلق رکھنے والے 10 وزرا بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے، جس کے بعد پیپلز پارٹی کو سادہ اکثریت حاصل ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق اس وقت انوارالحق گروپ کے پاس صرف 7 ارکان رہ گئے ہیں، جب کہ تحریک انصاف کے پاس 5، مسلم کانفرنس اور جے کے پی پی کے پاس ایک، ایک نشست موجود ہے۔






