بھارت کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) وید پرکاش ملک نے عسکری ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کی برتری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید جنگی صلاحیتوں نے پاکستان اور بھارت دونوں کی دفاعی حکمتِ عملی کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔
سابق بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران پاکستان اور بھارت میں سے کسی نے بھی ایک دوسرے کی سرحد عبور نہیں کی، کیونکہ دونوں ممالک کے پاس جدید سٹینڈ آف ویپنز موجود ہیں، جن کے ذریعے دور بیٹھ کر مؤثر کارروائیاں ممکن ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے عسکری ٹیکنالوجی کے شعبے میں نمایاں ترقی کی ہے، تاہم پاکستان کے پاس بھارت کے مقابلے میں بہتر ہتھیار اور زیادہ جدید عسکری سازوسامان موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رافیل طیاروں اور ایس-400 دفاعی نظام کی تباہی پاکستان کی عسکری برتری کا واضح ثبوت ہے۔
جنرل (ر) وید پرکاش ملک نے کہا کہ بھارت کو اپنی فوجی تیاریوں، سازوسامان اور ٹیکنالوجی میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ صورتحال کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جدید جنگیں اب روایتی طریقوں کے بجائے ٹیکنالوجی اور سٹینڈ آف ویپنز پر انحصار کر رہی ہیں، اور اس میدان میں بہتری وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔






