کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے، جہاں انڈیکس نے نئی بلند ترین سطح ریکارڈ کی ہے۔ اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے پہلے دن ٹریڈنگ کے دوران PSX 100 انڈیکس میں 704 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ ایک لاکھ 48 ہزار 196 پوائنٹس پر بند ہوا، جو اپنی نوعیت کا نیا ریکارڈ ہے۔
آج منگل کے روز کاروباری ہفتے کے دوسرے دن اسٹاک مارکیٹ میں مزید تیزی دیکھنے میں آئی اور PSX 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 49 ہزار 500 پوائنٹس کی سطح عبور کر لی۔ کاروبار کے دوران انڈیکس میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا اور آخرکار یہ پہلی بار ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوا۔
مالی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں PSX 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 110,000 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے، جو ملک میں سرمایہ کاری کے لیے مثبت اشارہ ہے اور مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔
اس تیزی کا اثر اسٹاک مارکیٹ میں دلچسپی رکھنے والے نئے اور موجودہ سرمایہ کاروں پر بھی پڑ رہا ہے، جبکہ مارکیٹ کے تجزیہ کار اس کی بنیاد پر مستقبل میں مزید ترقی کی توقعات ظاہر کر رہے ہیں۔






