سید پور ماڈل ویلج میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری

0
90

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد کے سید پور ماڈل ویلج اور اس کے اطراف میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔

آپریشن کے دوران اب تک 200 غیر قانونی تعمیرات مسمار کی جا چکی ہیں جبکہ نیشنل پارک کی 191 کنال اراضی قابضین سے واپس حاصل کر لی گئی ہے۔ کئی سال سے کرایہ ادا نہ کرنے والوں سے عمارتیں بھی خالی کرا لی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق 2005 کے بعد تعمیر کی گئی عمارتوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے اور اس میں سیٹلائٹ امیجری کی مدد سے نشاندہی کی جا رہی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سید پور ویلج کا دورہ کیا اور آپریشن کا جائزہ لیتے ہوئے سی ڈی اے کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رکھی جائے اور خالی کرائی گئی عمارتوں کو شفاف طریقے سے نیلام کیا جائے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ سید پور ویلج کی اپ گریڈیشن اور بیوٹیفیکیشن اسلام آباد کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گی اور شہریوں کو نیا تفریحی مقام فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی معیار کا تفریحی اور کمرشل مرکز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کراچی و لاہور کے معروف ریسٹورنٹس بھی سید پور میں لائے جائیں گے تاکہ سیاحوں کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبران، اے ڈی سی جی اور ایس ایس پی آپریشنز سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا