نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا تازہ ڈیٹا جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث اب تک 881 افراد جاں بحق اور 1176 زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں 223 افراد جاں بحق اور 648 زخمی ہوئے ہیں۔
صوبائی سطح پر تفصیل کے مطابق خیبر پختونخوا میں 48 افراد جاں بحق اور 359 زخمی ہوئے، سندھ میں 58 جاں بحق اور 78 زخمی رپورٹ ہوئے، بلوچستان میں 26 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے، گلگت بلتستان میں 41 جاں بحق اور 52 زخمی ہوئے، آزاد کشمیر میں 37 جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے، جبکہ اسلام آباد میں بارشوں سے ہونے والے حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 510 مرد، 134 خواتین اور 237 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 565 مرد، 289 خواتین اور 322 بچے شامل ہیں۔ مزید برآں، بارشوں اور سیلاب کے باعث اب تک 8 ہزار 206 مکانات تباہ اور 6 ہزار 180 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔






