اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف اور ترک وزیر دفاع یاسر گولر کی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک ترک تعلقات کے مثبت رخ اور تاریخی و برادرانہ روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ترک کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔
شہباز شریف نے مشترکہ کوششوں کے ذریعے دو طرفہ تجارت میں 5 بلین امریکی ڈالر کے ہدف کے حصول پر زور دیا اور دونوں اطراف نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کے لیے مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے چین میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر صدر رجب طیب ایردوان کے ساتھ حالیہ بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے تمام سطحوں پر متواتر روابط کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم نے ترک وزیر دفاع اور پاک ترک مشترکہ وزارتی کمیشن کے اراکین کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔






