نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف کی دیرینہ شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرسٹالینا جارجیوا کی قیادت میں تعاون مزید مستحکم ہوا ہے۔ انہوں نے 2024 میں 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ، بعد ازاں 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت اور 1.4 ارب ڈالر کے ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فنڈ کے بروقت انتظام پر آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پائیدار اصلاحات کی بدولت پاکستان کی معیشت استحکام کے آثار دکھا رہی ہے اور اب بحالی کی جانب بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پروگرام کے اہداف پر مسلسل پیش رفت ہو رہی ہے تاہم حالیہ تباہ کن سیلاب کے معاشی اثرات کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
آئی ایم ایف سربراہ نے سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے نقصانات کے تخمینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے وزیراعظم کے میکرو اکنامک پالیسیوں پر عملدرآمد کے عزم کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ آئی ایم ایف پاکستان کی طویل المدتی پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے اصلاحاتی اقدامات میں مسلسل تعاون کرتا رہے گا۔





