آٹھ اکتوبر کے زلزلے کے بعد قوم مزید مضبوط اور متحد ہوئی: صدر مملکت

0
175

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر کے تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستانی قوم پہلے سے زیادہ مضبوط، متحد اور پُرعزم ہو کر ایک تابناک مستقبل کی جانب بڑھی۔

8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کی 20ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے جاں بحق افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور متاثرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم اُن تمام لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے قدرتی آفات کا سامنا حوصلے اور اتحاد کے ساتھ کیا۔ ان کے بقول، “اصل طاقت مشکلات سے بچنے میں نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور جدت کے ساتھ اُنہیں عبور کرنے میں ہے۔”

صدر مملکت نے اس موقع پر رواں سال آنے والے تباہ کن مون سون سیلاب کا بھی ذکر کیا، جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے اور زراعت، بنیادی ڈھانچے، خدمات اور روزگار کے شعبوں میں بھاری نقصانات ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ڈیزاسٹر مینجمنٹ فریم ورک اب خطے کے بہترین ماڈلز میں شمار ہوتا ہے، تاہم بار بار آنے والی آفات یہ تقاضا کرتی ہیں کہ ہم اپنی تیاری کو مزید مضبوط کریں، پائیدار ترقی کو فروغ دیں اور معاشرے کے تمام طبقات کو اس عمل میں شریک کریں۔

صدرِ مملکت نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون سے آفات کے اثرات کو کم کرنے، مشترکہ تیاری کو بڑھانے اور ضرورت مندوں کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

آخر میں آصف علی زرداری نے دعا کی کہ “اللہ تعالیٰ ہمیں ایک زیادہ محفوظ، زیادہ مضبوط اور زیادہ مستحکم پاکستان بنانے میں اپنی رہنمائی عطا فرمائے۔ آمین۔”

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا