کراچی: پاکستانی راک بینڈ خودغرض نے حالیہ کنسرٹ میں مرحوم بھارتی گلوکار زوبن گارگ کو خراج عقیدت پیش کیا، جس سے موسیقی کے ذریعے دلوں کو جوڑنے کا پیغام سامنے آیا۔
کنسرٹ کے دوران خودغرض نے زوبن گارگ کا مشہور گانا “یا علی” پرفارم کیا، جو 2006 کی بالی وڈ فلم “گینگسٹر” کا حصہ تھا۔ اس فلم کے ڈائریکٹر انوراگ باسو اور کاسٹ میں کنگنا رناوت، عمران ہاشمی اور شائنی اہوجہ شامل تھے۔ سامعین نے اس پرفارمنس پر خوشی سے جھوم کر ردعمل دیا اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جبکہ بھارتی میڈیا نے بھی اس کو کور کیا۔
خودغرض کے ووکلسٹ فرخ صدیقی نے جیو ڈیجیٹل سے گفتگو میں کہا کہ بینڈ نے اس سے قبل بھی زوبن کے گانوں پر پرفارم کیا ہے، لیکن ان کے انتقال کے بعد کنسرٹ میں ان کو خراج عقیدت پیش کرنا ضروری سمجھا گیا۔ زوبن گارگ بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھتے تھے اور گزشتہ ماہ سنگاپور میں پرفارم کرنے کے دوران انتقال کر گئے۔ ان کی موت کی خبر نے دنیا بھر کے مداحوں کو غمگین کر دیا۔
زوبن نے 30 سے زائد زبانوں میں گیت گائے اور ان کے گانوں میں آسامی ثقافت کا حسین امتزاج نظر آتا تھا۔ پاکستانی بینڈ خودغرض نے اس ٹربیوٹ کے ذریعے محبت اور امن کا پیغام پہنچانے کی کوشش کی۔
بینڈ کے منیجر ارسلان علی نے بتایا کہ کرکٹ اور میوزک دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہوتے رہے ہیں، لیکن حالیہ ایشیا کپ میں باہمی تعلقات میں سرد مہری رہی، اس لیے موسیقی کے ذریعے دلوں کو نرم کرنے کی کوشش کی گئی۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس اقدام کو ایک مثبت قدم اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت و ہم آہنگی بڑھانے کی کوشش کے طور پر سراہا۔






