گھوٹکی : میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکریٹری طفیل رند قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کی 10 سالہ بھتیجی خوف کے باعث جان کی بازی ہار گئی۔
پولیس کے مطابق طفیل رند اپنے بھتیجی کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے جروار روڈ، مسو واہ کے قریب ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں طفیل رند موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ان کی لاش ڈی ایچ کیو اسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کر دی گئی، جہاں پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے وقت ان کی بھتیجی رینا بھی موٹر سائیکل پر ان کے ساتھ موجود تھی۔ چچا پر حملے کے بعد خوف و صدمے کے باعث وہ موقع پر ہی بے ہوش ہو گئی اور کچھ دیر بعد انتقال کر گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صحافی طفیل رند کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں پر حملے آزادیٔ صحافت پر حملے ہیں۔ انہوں نے آئی جی سندھ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ پولیس نے اس واقعے میں ملوث دو ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔






