وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تبلیغی جماعت کے وفد نے ملاقات کی اور نومبر میں ہونے والے سالانہ تبلیغی اجتماع کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔
ملاقات کرنے والے وفد میں انوار غنی، اقبال میاں، محمد عامر اور زاہد پراچہ شامل تھے، جبکہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد بھی موجود تھے۔
محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ اجتماع کے انعقاد کیلئے وزارت داخلہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی شرکاء کو ویزا کے حصول میں خصوصی سہولت دی جائے گی اور گزشتہ سال کی طرح ہوائی اڈوں پر خصوصی کاؤنٹر بھی قائم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام کی تبلیغ کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ریاستی ذمہ داری بھی ہے اور نیکی کا کام بھی۔
وفد کی جانب سے بتایا گیا کہ گزشتہ سال 108 ممالک سے تقریباً 15 ہزار سے زائد بین الاقوامی شرکاء اجتماع میں شریک ہوئے تھے۔ ملاقات کے اختتام پر سیلاب زدگان، ملکی ترقی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔






