وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ملکی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے فتنہ الخوارج اور سرحد پار دشمن عناصر کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، قوم ان پر فخر کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرحدوں کے دفاع میں شہید ہونے والے سپوت ہمارے عزم، غیرت اور بہادری کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں، اور سکیورٹی فورسز نے دشمن کے مراکز کو مؤثر کارروائی کے ذریعے تباہ کر کے ایک واضح پیغام دیا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ افغان طالبان اور بھارتی سرپرست عناصر کی اشتعال انگیزی خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے، لیکن پاکستانی مسلح افواج نے سرحدی محاذ پر دشمن کو عبرتناک انجام سے دوچار کیا ہے۔
انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔






