شہباز شریف شرم الشیخ امن کانفرنس میں شرکت کیلئے مصر جائینگے

0
240

اسلام آباد : مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف 13 اکتوبر کو مصر کے شہر شرم الشیخ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ غزہ میں جاری انسانی بحران کے خاتمے اور امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سمیت اعلیٰ حکومتی وزراء بھی شریک ہوں گے۔ یہ کانفرنس ان سفارتی کوششوں کا تسلسل ہے جو گزشتہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے دوران شروع ہوئی تھیں۔

23 ستمبر 2025ء کو وزیراعظم پاکستان نے مصر، اردن، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور ترکیہ کے سربراہان کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی جس میں غزہ کے لیے ایک مشترکہ امن حکمت عملی پر غور کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ایک مشترکہ اعلامیہ میں صدر ٹرمپ کی کوششوں کا خیرمقدم کیا گیا اور جامع جنگ بندی، انسانی امداد اور استحکام کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کی کانفرنس میں شرکت فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور اُن کے منصفانہ مؤقف کی پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا ثبوت ہے۔

پاکستان کو امید ہے کہ شرم الشیخ امن کانفرنس کے نتیجے میں اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا، فلسطینی شہریوں کے تحفظ، متاثرین کی واپسی، قیدیوں کی رہائی، انسانی امداد کی رسائی اور غزہ کی تعمیر نو کے لیے عملی پیش رفت ہوگی۔

اسلام آباد کو یہ توقع بھی ہے کہ یہ اقدامات ایک قابلِ اعتماد سیاسی عمل کو آگے بڑھائیں گے، جس کا مقصد 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کر ایک خودمختار، آزاد اور متصل فلسطینی ریاست کا قیام ہے، جیسا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عرب امن منصوبے میں درج ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا