اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ریجنل نائب صدر ریکارڈو پُلِتی سے ملاقات کی، جس میں دونوں فریقین نے آئی ایف سی کے اہم ریکو ڈک منصوبے کی جلد مالی تکمیل کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے مضبوط معاشی اعشاریوں اور نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ میں آئی ایف سی کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) کے تحت سرمایہ کاری کے منصوبوں اور اسلام آباد میں آئی ایف سی کے نئے ریجنل دفتر کے قیام پر بھی بات ہوئی۔
بعد ازاں وزیرِ خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے ملاقات میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور نئے کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک کی تیاری پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر واشنگٹن میں آئی ایم ایف، عالمی بینک، ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جبکہ وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام اور متعدد ممالک کے وزرائے خزانہ سے بات چیت کا شیڈول بھی شامل ہے۔






