برطانوی صحافی ٹینا گوڈیون کی نئی کتاب ’’دی اِنسیڈینٹل فیمِنِسٹ‘‘ نے سابق برطانوی وزیرِاعظم مارگریٹ تھیچر کی نجی زندگی پر بحث چھیڑ دی ہے۔ کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے سیاسی دور کے دوران تین مختلف مردوں کے ساتھ تعلقات رہے۔ مصنفہ کے مطابق ایک نامعلوم شخص کے ساتھ ان کا خفیہ جنسی تعلق تھا، جب کہ رکنِ پارلیمان سر ہیمفری ایٹکنز کے ساتھ بھی ان کے مبینہ تعلقات کی بازگشت سنائی دیتی رہی۔ اس کے علاوہ اپنے پی آر چیف ٹم بیل کے ساتھ ان کی جذباتی قربت بتائی گئی ہے، جسے مکمل جسمانی تعلق کی شکل نہ مل سکی۔
کتاب میں ان دعووں کے ثبوت کے لیے بعض سیاسی شخصیات کے حوالے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ سابق کنزرویٹو وزیر جوناتھن ایٹکن نے ان تعلقات کو اُس وقت کی ’’باخبر افواہیں‘‘ قرار دیا ہے۔ دوسری جانب مارگریٹ تھیچر کے مستند سوانح نگار چارلس مور نے تمام الزامات کو قطعی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کوئی ٹھوس شہادت موجود نہیں۔






