صدر، وزیراعظم، وفاقی و صوبائی قیادت کی ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ پر مبارکباد

0
512

اسلام آباد: پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت نے ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ترک عوام اور صدر رجب طیب اردوان کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ترک قوم کی استقامت اور وژن پوری دنیا کے لیے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت نے ترکیہ میں اصلاحات اور ترقی کی نئی راہیں کھولیں جبکہ علامہ اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح نے بھی ترک قیادت کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ مذہبی، تاریخی اور باہمی احترام کے رشتوں میں بندھے ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے دو طرفہ یکجہتی کے اس رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے خصوصی پیغام میں ترک عوام اور صدر اردوان کو یومِ جمہوریہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر اردوان کی مضبوط اور فعال قیادت میں ترکیہ نے ترقی اور معاشی بحالی کے نئے سنگ میل عبور کیے ہیں جنہیں عالمی سطح پر سراہا گیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے کے ایسے بندھن میں بندھے ہیں جو وقت اور جغرافیہ سے بالاتر ہیں، اور یہ تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ ترکیہ کا یومِ جمہوریہ ترک قوم کی خودداری، استقامت اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتاترک کے وژن سے شروع ہونے والا سفر آج صدر اردوان کی قیادت میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے دل جغرافیائی حدود کے محتاج نہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کے اصولی مؤقف کو پاکستانی عوام کے دلوں میں زندہ قرار دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ترک عوام اور صدر اردوان کو تہنیتی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کا برادر ملک ہے اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک ترک تعلقات دو قوموں کے باہمی ربط کی بہترین مثال ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے ترقی کے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں جبکہ ثقافتی، تجارتی اور سیاحتی روابط دونوں ممالک کو مزید قریب لا رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ ہمیشہ مضبوط اور قائم رہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا