خلیج فارس: خلیج میں بڑھتی کشیدگی کے باعث سمندری سکیورٹی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے، جہاں آبنائے ہرمز کے قریب دو مختلف بحری جہازوں پر فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
میری ٹائم ذرائع کے مطابق ایک جہاز پر ایران کے ساحل سے تقریباً 8 ناٹیکل میل دور فائرنگ کی گئی، تاہم خوش قسمتی سے عملے کے تمام افراد محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اس سے چند گھنٹے قبل ایک اور کارگو جہاز پر عمان کے قریب 15 ناٹیکل میل فاصلے پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں جہاز کے کنٹرول روم کو شدید نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ جہاز ایم ایس سی فرانسسکا دمام سے سنگاپور جا رہا تھا۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق یہ کارروائی “سمندری قوانین کے نفاذ” کے تحت کی گئی کیونکہ متعلقہ جہاز نے جاری کردہ وارننگز کو نظر انداز کیا تھا۔
دوسری جانب خلیجی ممالک نے ان واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے اور خطے میں استحکام کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے، جہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی معیشت پر براہ راست اثر انداز ہو سکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششیں خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔






