غزہ میں جنگ بندی کے بعد حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ آج مزاحمتی تنظیم نے مزید دو اسرائیلی شہریوں کی لاشیں ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیلی حکام کے حوالے کر دیں۔
قطری میڈیا کے مطابق دونوں لاشوں کی باقیات کو اسرائیل کے قومی فرانزک انسٹیٹیوٹ منتقل کیا جائے گا۔ ان دو لاشوں کی حوالگی کے بعد مزید 11 افراد کی باقیات اسرائیل کے سپرد کرنا باقی ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے حملے میں حماس نے ایک ہزار سے زائد اسرائیلیوں کو ہلاک کیا تھا جبکہ تقریباً 200 افراد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔
اسرائیلی وزیراعظم ہاؤس نے لاشوں کی وصولی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مغویوں کی واپسی کے لیے کوششیں جاری ہیں اور آخری مغوی کی واپسی تک یہ عمل نہیں رکے گا۔
ادھر حماس نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی شہریوں کی لاشوں کو ملبے سے نکالنے کے لیے ہیوی مشینری کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔ تنظیم کے مطابق متاثرہ علاقوں میں تباہی کی وجہ سے لاشوں کی بازیابی میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔
اسرائیل نے حماس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جان بوجھ کر لاشوں کی حوالگی میں تاخیر کر رہی ہے اور مطالبہ کیا کہ تمام مغویوں کی باقیات فوری طور پر حوالے کی جائیں۔






