پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ میں فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کو پتے میں تکلیف کے باعث کوٹ لکھپت جیل سے پی کے ایل آئی منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔ اسپتال میں قیام کے دوران سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور مولوی محمود نے ان سے ملاقات کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں رہنماؤں نے شاہ محمود قریشی کی خیریت دریافت کی اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ ملاقات آئندہ اہم سیاسی پیش رفت کے تناظر میں اہمیت رکھتی ہے، جبکہ اس بات کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ تحریک انصاف کے مزید سابق رہنما جلد اس رابطہ سازی میں شامل ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وہ پتے کی پتھری کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہیں، میڈیکل ٹیسٹ جاری ہیں اور ایک دو روز میں ان کا آپریشن متوقع ہے۔ انہوں نے اپنے چاہنے والوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔





