لاؤڈ سپیکر کا استعمال بند،غیر ملکیوں کی سہولت کاری پر کڑی سزا کا اعلان

0
206

پنجاب حکومت نے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس میں فوری اقدامات کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کسی کاروبار، جماعت یا فرد کو لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا تاکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی فوری طور پر ممکن ہو سکے۔

غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی سہولت کاری یا معاونت کرنے والوں کے خلاف بھی سخت سزائیں تجویز کی گئیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایسے عناصر کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی تاکہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہو سکے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر نفرت، جھوٹ اور اشتعال پھیلانے والوں کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز مواد کی نگرانی کرنے والے خصوصی یونٹس پہلے ہی فعال کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے 65 ہزار سے زائد آئمہ کرام کے وظائف کے معاملات جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ بریفنگ میں وضاحت کی گئی کہ فتنہ انگیزی اور انتہاپسندانہ سوچ کے حامل عناصر کے سوا کسی مذہبی جماعت پر پابندی نہیں ہے، اور تمام مذہبی جماعتیں ضابطہ اخلاق کے مطابق اپنی سرگرمیاں آزادانہ طور پر جاری رکھ سکتی ہیں۔ پنجاب حکومت نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے والی جماعتوں کی سرپرستی جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا