اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کی درخواست کی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بلاول بھٹو نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے صدر آصف علی زرداری اور ان سے ملاقات کی، جس میں متعدد آئینی تجاویز پر بات چیت ہوئی۔
بلاول بھٹو کے مطابق وزیراعظم نے پیپلز پارٹی سے جن نکات پر حمایت کی درخواست کی، ان میں آئینی عدالت کا قیام، ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی بحالی، ججز کے تبادلوں کا اختیار اور آرٹیکل 243 میں ترمیم شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 27ویں ترمیم کی تجویز میں این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے حصے کے تحفظ کے خاتمے، تعلیم اور آبادی کی منصوبہ بندی کو وفاق کے دائرہ اختیار میں واپس لانے کی تجویز بھی شامل ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ترمیم میں الیکشن کمیشن کی تقرری کے معاملے پر ڈیڈ لاک ختم کرنے سے متعلق تجاویز بھی دی گئی ہیں۔
بلاول بھٹو نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری کی قطر سے واپسی پر پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس 6 نومبر کو ہوگا، جس میں پارٹی کی حتمی پالیسی طے کی جائے گی۔






