وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین نے حلف اٹھا لیا

0
316

اسلام آباد میں پہلی وفاقی آئینی عدالت کے سربراہ کے طور پر جسٹس امین الدین خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ یہ حلف قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 27ویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد لیا گیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی جہاں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے جسٹس امین الدین سے حلف لیا۔

تقریب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، وزیراعظم شہباز شریف، چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم بھی موجود تھیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے سربراہ جسٹس امین الدین خان اسلام آباد ہائیکورٹ کے کورٹ روم نمبر ایک میں بیٹھیں گے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کو کورٹ روم نمبر دو میں منتقل کیا جائے گا۔

پاکستان کی پہلی وفاقی آئینی عدالت کے تین ججز نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی یہ تقریب اسلام آباد ہائیکورٹ بلڈنگ میں منعقد ہوئی جہاں چیف جسٹس امین الدین خان نے جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی سے حلف لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر تقریب کے دوران اسٹیج پر موجود تھے، جبکہ ہائیکورٹ کے دیگر ججز، لاء افسران، بار عہدیداران اور اٹارنی جنرل بھی شریک ہوئے۔ تاہم چند ججز، جن میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس اعجاز اسحاق خان، جسٹس بابر ستار اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز شامل ہیں، تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا