نیویارک: امریکا کے شہر نیویارک کے مصروف ترین ٹائمز اسکوائر میں چاقو بردار خاتون کے حملے کے نتیجے میں بینک آف امریکا کی نائب صدر ایرن پیاسینٹی ہلاک ہوگئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق 49 سالہ خاتون نے ٹائمز اسکوائر میں دو افراد پر چاقو سے حملہ کیا۔ حملے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور خاتون کو ہتھیار پھینکنے کی ہدایت کی، تاہم اس نے پولیس کے احکامات ماننے سے انکار کردیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور خاتون تقریباً چار منٹ تک دو چاقو لہراتی رہی اور بعد ازاں پولیس اہلکاروں کی جانب بڑھی، جس پر اہلکاروں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہلاک ہوگئی۔
حکام کے مطابق حملے میں ایک اور شخص بھی زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
نیویارک کے میئر اور پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ حملہ بظاہر اچانک اور انفرادی نوعیت کا تھا۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ حملہ آور کی جانب سے چاقو سے حملے اور پولیس کی فائرنگ کے محرکات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔





