پی ٹی آئی کا برطانوی جریدے کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

0
117

خیبرپختونخوا حکومت نے برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے متعلق رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف عالمی فورمز پر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اطلاعات شفیع اللّٰہ جان نے اپنے بیان میں کہا کہ جریدے میں شائع رپورٹ حقائق کے منافی، غیر مصدقہ معلومات اور سیاسی پروپیگنڈے پر مبنی ہے، جس میں عمران خان اور پی ٹی آئی کی طرز حکمرانی کو جانبدارانہ انداز میں مسخ کر کے پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سنسنی خیز الزامات، گمنام ذرائع اور گھریلو عملے کی افواہوں کو “حقیقت” بنا کر پیش کرنا صحافتی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

شفیع اللّٰہ جان کے مطابق بشریٰ بی بی کی سرکاری معاملات میں مداخلت کا دعویٰ بے بنیاد ہے، حکومتی ریکارڈ اس تاثر کی تردید کرتا ہے اور کسی ادارے یا افسر نے ایسی شکایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کردار کشی کے لیے اس نوعیت کی کہانیاں گھڑنا غیر سنجیدہ صحافت ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عمران خان کے بڑھتے ہوئے عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہے، اسی لیے گھڑی ہوئی کہانیوں کے ذریعے کردار کشی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس آرٹیکل کے خلاف خیبرپختونخوا حکومت عالمی فورم پر جائے گی۔

خیال رہے کہ دی اکانومسٹ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بعض اہم سرکاری فیصلوں اور تقرریوں پر اثرانداز ہوتی رہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا