اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے گزشتہ اڑھائی برس کے دوران کرپشن، فراڈ اور سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے مارچ 2023 سے اکتوبر 2025 تک مجموعی طور پر 8 ہزار 397 ارب روپے کی ریکوری کی۔ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ادارے نے 1999 میں قیام سے لے کر فروری 2023 تک 23 برسوں میں مجموعی طور پر 883 ارب روپے وصول کیے تھے، جبکہ گزشتہ اڑھائی برس میں ریکوری کا حجم اس سے 10 گنا زیادہ رہا، جو نیب کی تاریخ کی سب سے بڑی کارکردگی قرار دی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق رواں سال کے اختتام تک مزید 2 ہزار ارب روپے کی ریکوری کا امکان ہے، جس کے بعد مجموعی ریکوری کے اعداد و شمار میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کو سب سے بڑی کامیابی لینڈ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے ملی، جہاں بڑے پیمانے پر سرکاری زمین واگزار کرائی گئی جس کی مالیت کھربوں روپے بنتی ہے۔





