غیر قانونی امیگریشن ناقابلِ قبول: محسن نقوی کا سست پراسیسنگ پر فوری ایکشن

0
262

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے کسی بھی مسافر کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی، غیر قانونی امیگریشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین نے لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا، جو دو گھنٹے تک جاری رہا۔ وزیر داخلہ نے امیگریشن کاؤنٹرز پر رش اور سست روی دیکھ کر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور عملے کو پراسیسنگ تیز کرنے کی ہدایت کی۔ دونوں وزراء نے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں سے ملاقات کرکے امیگریشن عمل کے بارے میں دریافت کیا۔

دورے کے دوران وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے سفری دستاویزات پر پروٹیکر اسٹیکرز بھی چیک کیے۔ پروٹیکر کے تحت ڈرائیور کی ملازمت کے لیے بیرونِ ملک جانے والے نوجوان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس موجود نہ ہونے پر اسے سفر سے روک دیا گیا، جس پر سالک حسین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دیا۔

یہ بھی معلوم ہوا کہ ایف آئی اے اہلکار کی مبینہ ملی بھگت سے ایک مسافر کو بیرونِ ملک بھیجنے کی کوشش کی جا رہی تھی، جسے امیگریشن عملے نے کاؤنٹر پر روک لیا۔ آف لوڈ کیے گئے مسافر کو نجی کمپنی کو ادا کی گئی رقم واپس دلانے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے دونوں مسافروں کو روکنے والے امیگریشن اہلکاروں کو بلا کر شاباش دی، اپنی جیب سے انعام دیا اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے واضح کیا کہ ضروری دستاویزات کے بغیر کسی بھی مسافر کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کے خلاف زیرو ٹولرنس ہوگا اور ایف آئی اے سمیت کسی بھی ادارے کے ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین نے بھی ہدایت کی کہ پروٹیکر کے تحت جانے والے مسافروں کی ملازمت سے متعلق دستاویزات کی ہر صورت مستند طریقے سے تصدیق کی جائے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا