اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی صنعتی پیداوار اور تجارت میں اضافے کے لیے مسائل کی بروقت نشاندہی ناگزیر ہے۔ صنعتی مصنوعات کی پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی درآمدات، کسٹمز ڈیوٹی اور تجارتی شعبے میں اصلاحات سے متعلق ذیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ کاروباری نمائندگان پر مشتمل ورکنگ گروپ کے ارکان نے وزیراعظم کو کسٹمز اور ٹیکس وصولی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا اور اپنی سفارشات بھی پیش کیں۔
وزیراعظم نے ورکنگ گروپ کی سفارشات کا خیر مقدم کرتے ہوئے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ صنعتی پیداوار میں اضافہ اور کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ قومی ٹیرف پالیسی ملکی صنعتی پیداوار کو سہولت دینے کے لیے نافذ کی گئی ہے تاکہ درآمدات و برآمدات کو مجموعی معاشی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے۔
شہباز شریف نے اجلاس میں زور دیا کہ صنعتی ترقی اور تجارت کے فروغ کے لیے شعبہ جاتی تجاویز اور مسائل کی نشاندہی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی دیرپا معاشی ترقی سرمایہ کاری میں اضافے، پیداواری صلاحیت کو بڑھانے، حکومتی سرپرستی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے بغیر ممکن نہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دوسرے ممالک کے ساتھ دوطرفہ اور راہداری (ٹرانزٹ) تجارت سے متعلق مصنوعات کی بارڈر پر کسٹمز ڈیوٹی کی وصولی پر سخت نگرانی کی جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر پاور سردار اویس لغاری، وزیر اکنامک افیئرز احد چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین ایس آئی ایف سی سمیت صنعت و کاروبار کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ سرکاری حکام نے شرکت کی۔





