راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فوری آپریشن کیا جہاں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے دوران دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ علاقے میں کسی بھی مزید گروہ کی موجودگی ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
فوج کے ترجمان کے مطابق مارے گئے دہشت گرد صوبے میں مختلف کارروائیوں میں ملوث رہے۔ سکیورٹی فورسز “وژن عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قلات آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ گروہوں کو کہیں پناہ نہیں دی جائے گی۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق صوبے میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران دو اہم پیش رفت ہوئی ہیں۔ ڈیرہ بگٹی میں تقریباً 100 سے زائد دہشت گردوں اور فراری کمانڈرز نے ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالے جبکہ قلات میں بھارتی حمایت یافتہ گروہ کے 12 دہشت گرد مارے گئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہتھیار ڈالنے والوں کو قومی دھارے میں شامل ہونے کا موقع دیا جا رہا ہے لیکن جو بندوق کے زور پر بات کرنا چاہیں گے، انہیں سخت جواب دیا جائے گا۔





