شہباز شریف سرکاری دورے پر ترکمانستان پہنچ گئے

0
447

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکمانستان کو کراچی اور گوادر کی بندرگاہیں تجارتی رسائی بڑھانے کے لیے استعمال کرنے کی پیشکش کی ہے۔ وہ ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کی دعوت پر دورۂ اشک آباد کے لیے پہنچے، جہاں ائیرپورٹ پر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے ترکمان صدر سے ملاقات کی اور انہیں مستقل غیرجانبداری کی 30ویں سالگرہ کے ساتھ اقوام متحدہ کی جانب سے 2025 کو امن و اعتماد کا بین الاقوامی سال قرار دیے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، خصوصاً تجارت اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں۔

وزیراعظم نے ایران–اسرائیل تنازع کے دوران پاکستانی شہریوں کو ایران سے بحفاظت نکالنے میں ترکمانستان کی مدد پر شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہیں ترکمانستان کے لیے جنوبی ایشیا اور دیگر خطوں تک رسائی کا بہترین ذریعہ بن سکتی ہیں۔

شہباز شریف نے ترکمانستان کے قومی رہنما گربنگولی بردی محمدوف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ترکمان صدر کو آئندہ برس سرکاری دورے کی دعوت بھی دہرائی۔ ترکمان صدر نے وزیراعظم کے دورے اور امن و اعتماد کے بین الاقوامی فورم میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکمانستان پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے میں سنجیدہ ہے۔

وزیراعظم 12 دسمبر تک امن و اعتماد کے عالمی سال، عالمی یومِ غیرجانبداری اور ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی 30ویں سالگرہ کے حوالے سے ہونے والے بین الاقوامی فورم میں شرکت کریں گے۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی بھی موجود ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا