ترکیے میں کرسمس اور نئے سال کے موقع پر دہشت گرد حملوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ ترک حکام کے مطابق پولیس نے استنبول میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 100 سے زائد مشتبہ داعش ارکان کو گرفتار کر لیا۔
استنبول کے چیف پراسیکیوٹر کے دفتر نے جمعرات کو گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ داعش سے وابستہ عناصر ترکیے میں بالخصوص غیر مسلموں کو نشانہ بنانے کے لیے کرسمس اور نئے سال پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
اطلاعات کی بنیاد پر استنبول میں 124 مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے، جن کے دوران مطلوب 137 مشتبہ افراد میں سے 115 کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترک حکام کے مطابق کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جبکہ تفتیش کا عمل جاری ہے۔






