اسلام آباد کی حدود کی توسیع اور شہر کی پہچان

0
176

تحریر و تحقیق : مسعود چوہدری

اسلام آباد کی حدود بڑھانے اور اسے خصوصی انتظامی حیثیت دینے کی خبر محض انتظامی ردوبدل کی اطلاع نہیں، یہ اس سوال کا آغاز ہے کہ دارالحکومت کس کا ہے اور اسے کون چلائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک نیا انتظامی ماڈل تیار کیا گیا ہے جس میں اسلام آباد کو خصوصی حیثیت دینے یا ماڈل انتظامی یونٹ بنانے کی تجویز ہے، اور اس کے ساتھ جغرافیائی حدود میں توسیع بھی زیرِ غور ہے۔ حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہ آیا ہے، لہٰذا یہی وقت ہے کہ ترجیحات اور خدشات پر کھل کر بات کی جائے۔

اس بحث کاایک پس منظر بلدیاتی نظام کابھی ہے۔الیکشن کمیشن نے 20 دسمبر کے لیے طے شدہ بلدیاتی انتخابات کا پروگرام معطل کر دیا ہے، جبکہ اسلام آباد میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے۔ گو کہ اسلام آباد سے جیت کر قومی اسمبلی میں پہنچنے والے نمائندے تو ہر انتخابات میں عوامی نمائندگی کے اس خلا کو پر کر رہے ہیں لیکن فیصلوں کا ارتکاز جمہور کی رائے سے بہر حال دور ہے۔ خصوصی حیثیت کا تصور بذاتِ خود برا نہیں۔ دنیا کے کئی دارالحکومتوں، مثلاً واشنگٹن اور کینبرا، کو الگ انتظامی حیثیت حاصل ہے، لیکن وہاں اس کے ساتھ منتخب مقامی حکومت اور واضح قانونی دائرہ بھی موجود ہے۔ ہمارے ہاں خدشہ یہ ہے کہ ‘خصوصی’ اور ‘ماڈل’ جیسے الفاظ اختیار شہریوں کے قریب لانے کے بجائے مزید مرکز میں سمیٹ دیں گے۔ اس لیے اصل سوال لفظ کا نہیں، اختیار کی تقسیم اور جواب دہی کے مربوط و شفاف نظام کا ہے۔

اس تناظر میں سی ڈی اےکا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی ترقیاتی کوششوں کا اعتراف ضروری ہے جہاں سی ڈی اے نے 2025 میں پانچ بڑے سڑک منصوبوں سمیت اٹھارہ منصوبے مکمل کیے، اور شہر کے انفراسٹرکچر میں بہتری نظر آتی ہے۔ مزید بڑے چھوٹے منصوبے پلاننگ اور ایکزیکیوشن کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ اسی ترقی کے ساتھ ایک تنازع بھی چلا جہاں وفاقی وزیر نے تسلیم کیا کہ وفاقی دارالحکومت کی حدود سے انتیس ہزار سے زائد درخت ہٹائے گئے، شکرپڑیاں کے کئی قطعے بنجر ہو گئے، اور وزیراعظم نے اس پر رپورٹ بھی طلب کی۔ سی ڈی اے کا مؤقف ہے کہ صرف پیپر ملبری کے درخت کاٹے گئے جو پولن الرجی پھیلاتے تھے، لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ الرجی کو وسیع پیمانے پر درخت کاٹنے کا جواز بنایا گیا، اور ڈبلیو ڈبلیو ایف نے بڑے تعمیراتی منصوبوں کو ذمہ دار قرار دیا۔ ایف نائن پارک کے بارے میں وزیرِ داخلہ کی یہ یقین دہانی کہ ایک درخت بھی نہیں کٹے گا، خوش آئند ہے، لیکن شہر کی سبز پہچان کا تحفظ وعدوں سے نہیں، قانونی اور ادارہ جاتی ضمانتوں سے ہونا چاہیے۔

شجرکاری قابلِ تحسین ہے، لیکن برسوں پرانے جنگل کی تلافی نئے پودوں سے راتوں رات نہیں ہوتی۔ حدود کے سوال پرتجویز کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور، راولپنڈی کے بعض علاقے اور مری کے حلقہ این اے اکیاون کی بستیاں اسلام آباد میں شامل کرنے پر غور ہو رہا ہے۔ مری اور گلیات کی خوبصورتی اور مارگلہ سے جڑا پہاڑی سلسلہ اسلام آباد کے ماحول، پانی اور موسم کا حصہ ہے، اس لیے ان کے تحفظ کی فکر بھی بجا ہے۔ تاہم تحفظ اور ضم کر لینے میں فرق ہے۔ جو ادارہ اپنی موجودہ حدود میں ہزاروں درخت کٹنے سے نہ بچا سکا، اسے مری اور گلیات جیسے حساس پہاڑی علاقوں کی ذمہ داری دینے سے پہلے اس کی کارکردگی کا جائزہ لینا اہم ہو گا۔ پھر اس کا تجارتی پہلو بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ حدود بڑھنے کی ہر خبر زمین کی قیمتوں اور ہاؤسنگ اسکیموں کی دوڑ کو ہوا دیتی ہے، اسلام آباد کی موجودہ حدود میں پہلے ہی ڈیڑھ سو کے لگ بھگ ہاؤسنگ سوسئیٹیز کے گرائے جانے کا عندیہ دیا جا چکا ہے۔ مئی میں بیالیس موضع جات کو، جن میں راولپنڈی کی تیرہ گنجان یونین کونسلیں اور مری کے چار کنٹونمنٹ وارڈ شامل تھے، اسلام آباد کی حدود میں شامل کیے جانے کی اطلاعات نے جائیداد مالکان کو پہلے ہی بے چین کر رکھا ہے۔

مری اور گلیات کی تعمیرات پر پہلے ہی بوجھ ہے؛ اگر نئی حدود کے ساتھ ہاؤسنگ منصوبوں کے دروازے کھل گئے تو ایک جانب یہی خوبصورتی خطرے میں پڑ سکتی ہے جبکہ دوسری جانب جس مسئلہ سے موجودہ حدود کے اندر نمٹا جا رہا ہے ایک الگ نوعیت کی کاوش کی ابتداء ہو جائے گی۔ اسلام آباد کی حدود میں پہلے ہی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہیں اور متعدد تجاوزات گرائ جا رہی ہیں۔ اب اگر نئے شامل کردہ علاقوں کو سی ڈی اے کے بائ لاز کے تابع لانے کی کوشش کی جائے گی اور اجازت حاصل کرنے والوں کو نئے قوانین کے لاگو ہونے کے بعد نئے سرے سے پرکھا جائے گا اور پرانی تعمیرات کو غیر قانونی قرار دے دیا جائے گا تو ایک نئ بحث ہو گی جسکا انتظامیہ کو سامنا ہو گا۔ یہاں علاقائ پہلوبھی نظر انداز نہیں ہو سکتا۔خیبر پختونخوا اسمبلی نے اگست میں متفقہ قرارداد کے ذریعے ہری پور، ایبٹ آباد یا صوبے کے کسی بھی ضلع کو اسلام آباد میں شامل کرنے کی ہر تجویز مسترد کردی تھی۔ اب گورنر راج کے نفاذ کے بعد خیبر پختونخوا کی صوبائ اسمبلی عملی طور پر معطل ہے۔

اب جبکہ صوبائی اسمبلی اتفاقِ رائے سے انکار کر چکی ہو تو وفاق کا یکطرفہ قدم آئینی تناؤ کو جنم دے گا۔ سرحدی تنازعات کی تاریخ بھی یہی بتاتی ہے کہ سی ڈی اے کو کنٹریلہ اور تیلہاڑ کے دیہات کی مزاحمت پر حد بندی کے ستون لگانا روکنا پڑا تھا۔ تو پھر بہترین انتظامی ڈھانچہ کیا ہو؟ راقم کے نزدیک دیگر امور کے ساتھ ساتھ پانچ اصول ناگزیر ہیں۔ پہلا، شہر کا نظم منتخب مئیر اور کونسل کے سپرد ہو، جن کے پاس صفائی، پانی، پارک، ٹرانسپورٹ اور مقامی وسائل کے حقیقی اختیارات ہوں۔ دوسرا، سی ڈی اے کو بنیادی طور پر ماسٹر پلان اور زمین کے ضابطوں تک محدود کیا جائے اور اس کے فیصلوں پر ماہرینِ شہری منصوبہ بندی، ماحولیات اور قانون پر مشتمل ایک آزاد نگران ادارہ نظر رکھے۔ تیسرا، ہر بڑے منصوبے سے پہلے ماحولیاتی اثرات کی ریسرچ پر مشتمل شائع شدہ رپورٹ لازمی ہو اور درخت کاٹنے کی اجازت قانون میں درج شرائط کے تحت ہی ملے۔ ایک درخت کاٹنے سے پہلے دو درخت لگا کر مناسب وقت اور اونچائی تک پہنچنے سے پہلے مزکورہ درخت نہ کاٹنے کی پابندی لاگو کی جائے۔

چوتھا، مری، گلیات، ہری پور اور راولپنڈی کے ملحقہ علاقوں کو زبردستی اسلام آباد یا کیپیٹل ٹیریٹری میں شامل کرنے کے بجائے علاقوں پر مشتمل الگ الگ اور برابر نمائندگی والی علاقائی کونسل بنائی جائے جو پانی، جنگلات، تعمیرات اور ٹریفک کے مشترکہ ضابطے طے کرے۔ ان کونسلز کی کارکردگی رپورٹس، فیصلے، منصوبے بھی تواتر کے ساتھ جاری کیے جائیں تاکہ شفافیت یقینی بنائ جا سکے۔ پانچواں، ہر انتظامی معاملہ میں شفافیت یقینی بنائ جائے جبکہ دارالحکومت کی انتظامیہ آزادانہ و خود مختار ہو کر اپنے پیروں پر خود کھڑے ہونے کی اہلیت حاصل کر لے تاکہ کسی کا محتاج نہ ہو۔ اس طرح ماحولیاتی تحفظ بھی ہو گا اور وفاقی خودمختاری بھی مجروح نہیں ہوگی۔

اسلام آباد کو جدید دارالحکومت اس کی سڑکیں اور انڈرپاس نہیں بناتے، اسے وہ نظام بناتا ہے جس میں شہری شریک ہوں، ادارے جواب دہ ہوں اور فیصلے شفاف ہوں۔ جدیدیت کا اعلی اقدار اور علاقائ روایات کے امتزاج کی مدد سے اسلام آباد حقیقی معنوں میں مستقبل بعید کا بھی جدید میٹروپولیٹن کا مقام حاصل رکھنے میں کامیاب رہے گا۔ حکومت اگر اسے واقعی ماڈل بنانا چاہتی ہے تو حدود کا تعین مشاورت سے کرے، اختیار کو تقسیم کرے، انتظامی امور پر طاقت کے ارتکاز کی حوصلہ شکنی کرے اور شہر کی سبز پہچان کو قانونی و اخلاقی تحفظ دے۔ یہی راستہ اسلام آباد کو بھی محفوظ رکھے گا اور وفاق کے اعتماد کو بھی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا