کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور اراکین پارلیمنٹ نے وزیراعظم اور ان کے ہمراہ وفاقی وزراء کا استقبال کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر احسن اقبال بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کوئٹہ میں مصروف دن گزاریں گے، جہاں وہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں بلوچستان کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کوئٹہ میں دانش اسکول کا افتتاح بھی کریں گے۔






