پاکستانی پولیس افسران کی جدید تربیت کیلئے بیجنگ پولیس کالج سے تعاون بڑھائیں گے: محسن نقوی

0
447

بیجنگ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیجنگ پولیس کالج کا دورہ کیا اور کالج میں جاری ہائی ٹیک ٹریننگ کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے بیجنگ پولیس کی جانب سے گاڑیوں کے ذریعے ملزمان کو قابو کرنے کا عملی مظاہرہ دیکھا اور بیجنگ پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ تربیتی معیار کو سراہا۔ انہوں نے بہترین کارکردگی پر گاڑیوں کے خصوصی اسکواڈ کو بھرپور داد دی۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ وہیکلز اسکواڈ کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور بہترین تربیت دیکھ کر وہ انتہائی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کے تمام اے ایس پیز ایک ماہ کی تربیت کے لیے بیجنگ پولیس کالج آئیں گے، جبکہ نیشنل پولیس اکیڈمی اور بیجنگ پولیس کالج کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی پولیس افسران کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی، جس کے لیے نیشنل پولیس اکیڈمی اور بیجنگ پولیس کالج کے درمیان باقاعدہ تعاون کا معاہدہ کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لیے استعمال ہونے والی جدید سیمولیٹر مشین بھی خود چلائی۔ اس موقع پر بیجنگ پولیس کالج کے صدر نے انہیں سیمولیٹرز اور دیگر جدید ذرائع کے ذریعے فراہم کی جانے والی ہائی ٹیک تربیت کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہیں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مظاہروں، تشدد کے واقعات اور دیگر جرائم سے نمٹنے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔

بیجنگ پولیس کالج کے صدر وو وائی نے وزیر داخلہ کو ٹیکنالوجی بیسڈ تعلیمی اور عملی تربیت کے نظام سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیجنگ پولیس کالج میں تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔

بریفنگ کے مطابق کالج میں 12 فیکلٹیز ہیں اور فیکلٹی ممبران کی تعداد 400 سے زائد ہے، جن میں سے 50 فیصد پی ایچ ڈی ہولڈرز ہیں۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، ڈی جی نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس، ڈی جی نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن سید خرم علی، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا بھی موجود تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا