اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورم نے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگرد نیٹ ورکس اور ان کے معاون ڈھانچے کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ملک بھر میں جاری آپریشنز کی رفتار برقرار رکھی جائے گی تاکہ پاکستان کی سرزمین کو ہر قسم کی شرانگیزی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
فورم نے افغان طالبان کی پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد عناصر کو پناہ دینا خطے کے امن کے خلاف ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ کہا گیا۔
کانفرنس میں علاقائی صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور کشیدگی سے بچاؤ، تحمل اور ذمہ دارانہ طرز عمل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ فورم کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے باہمی احترام اور خودمختاری بنیادی اصول ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس موقع پر کمانڈرز کو ہدایت دی کہ ابھرتے خطرات کے پیش نظر مکمل آپریشنل تیاری برقرار رکھی جائے اور روایتی و غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ قوم، حکومت اور افواج کے درمیان مضبوط ہم آہنگی پاکستان کی طاقت ہے اور ملک تمام چیلنجز کے مقابلے میں “بنیان مرصوص” کی طرح متحد کھڑا ہے۔






