چارسدہ: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کے سابق ایم پی اے اور معروف عالم دین مولانا محمد ادریس کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے 8 مئی کو نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کر دیا۔
مولانا فضل الرحمان نے چارسدہ میں مرحوم کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی اور مولانا محمد ادریس کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے کی بنیاد پر کسی مسلمان کا قتل جہالت ہے، مولانا ادریس کی شہادت امت مسلمہ کے لیے بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنی قدرت سے ظالموں سے انصاف لے گا اور مرحوم امن کے داعی ہونے کے باوجود بے امنی کا نشانہ بنے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ علماء کرام پاکستان کے آئین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک کے اندر اسلحہ اٹھانا کسی صورت جائز نہیں۔ انہوں نے حکمرانوں اور اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور شہید کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔






