لاہور: کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق

0
614

لاہور: شہر کے علاقے کاہنہ میں ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے نتیجے میں 14 بچے جاں بحق جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت ایک خاتون ٹیچر سمیت 20 سے 25 بچے عمارت میں موجود تھے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

وزیر صحت پنجاب نے 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زیادہ تر متاثرہ بچے کم عمر ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع شام 4 بج کر 45 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور کئی بچوں کو ملبے سے نکالا گیا، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت میں صبح کے وقت اسکول چلتا تھا، جبکہ شام میں اسی مقام پر ٹیوشن سینٹر قائم تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا جبکہ گراؤنڈ فلور پر بچے زیر تعلیم تھے۔

پولیس نے واقعے کے بعد عمارت کے مالک سمیت دو افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کا تعین کیا جا سکے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لیے دعائے مغفرت، لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس وقت پہلی ترجیح ملبے تلے دبے بچوں کو بحفاظت نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر خستہ حال عمارت کو ٹیوشن سینٹر کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا، جس کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جائیں گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا