Thursday, November 14, 2024
Google search engine

مقبول خبریں

شاہ رخ، امیتابھ اور سلمان خان سے بہت زیادہ کامیاب فلمیں دینے والا بھارتی اداکار

بھارت کی بالی ووڈ سمیت تمام انڈسٹریوں میں چند اداکار بہت زیادہ شہرت کے مالک ہیں، جیسے بالی ووڈ میں شاہ رخ، سلمان، امیتابھ بچن، رشی کپور وغیرہ ہیں۔

مذکورہ بالا سمیت دیگر اداکاروں نے بھارت کی فلم انڈسٹری کو کئی کئی کامیاب فلمیں دیں اور آج ان کو کامیاب اداکار بھی مانا جاتا ہے۔ مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ انڈیا کا ایک ایسا اداکار بھی ہے جس نے انڈسٹری کو 400 کامیاب ترین فلمیں دیں۔

اس اداکار کا نام پریم نذیر ہے، جن کا تعلق ملیالم کی فلم انڈسٹری سے ہے۔

بھارتی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پریم نذیر نے ملیالم انڈسٹری کو 400 سے زائد کامیاب فلمیں دیں اور کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کیے، حد تو یہ تھی کہ اُن کی کامیابیوں کی وجہ سے مقامی انڈسٹری ایک وقت میں بالی ووڈ کا مقابلہ کرنے کیلیے بھی تیار ہوگئی تھی۔

پریم نذیر 1951 سے 1989 تک انڈسٹری سے جڑے رہے اور اس دوران انہوں نے 720 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ متعدد مواقعوں پر تو وہ بیک وقت تین فلموں کی شوٹنگ بھی کرتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق اداکار نے ایک ماہ میں 30 فلموں کی شوٹنگ مکمل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کررکھا ہے۔ اُن کی کئی فلموں نے باکس آفس پر کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے۔

پریم نذیر نے کیریئر میں400 کامیاب اور 50 بلاک بسٹر فلمیں کیں جبکہ امیتابھ بچن اب تک کی 60 کامیاب اور 10 فلمیں بلاک بسٹر فلمیں دے چکے ہیں۔ جنوبی انڈیا کے لیجنڈری رجنی کانت کی 80 فلمیں ہٹ جبکہ 12 سے زائد سپر ہٹ رہی ہیں۔

اس کے علاوہ شاہ رخ کی اب تک 34 ہٹ اور 10 فلمیں بلاک بسٹر رہی جبکہ سلمان خان کی 39 کامیاب اور 15 فلمیں بلاک بسٹر رہی، اسی طرح عامر خان کی اب تک 20 فلمیں کامیاب اور 6 بلاک بسٹر رہی ہیں۔

پریم نذیر وہ اداکار تھے جنہوں نے 30 سالوں یعنی تین دہائیوں تک ملیالم سینیما پر راج کیا اور انڈسٹری پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔