دبئی : یواے ای کے ملک انٹرنیشنل اور بھارت کے اجن کیا ڈی وائی پاٹل گروپ نے ایک تاریخی تعاون کے تحت ملک میڈیکل ہیلتھ کیئر میں حصص حاصل کرلئے ہیں تاکہ وہ برابر کے حصہ دار بن سکیں اوراس خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا بڑے پیمانے پر ورچوئل اسپتال شروع کر سکیں جس میں 20 ہزار سے زائد ڈاکٹر ہوں گے۔
دونوں گروپوں نے مشرق وسطیٰ شمالی افریقہ (مینا) اور ایشیا بحرالکاہل کے خطوں میں صحت کی نگہداشت میں انقلاب لانے کے لئے 100 ملین درہم کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔ یہ اسٹریٹجک شراکت داری لاکھوں افراد تک رسائی بڑھانے اور جامع خدمات فراہم کرنے کے لئے ورچوئل حل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صحت کی نگہداشت کی فراہمی کو دوبارہ ترتیب دینے کو تیار ہے۔
ملک میڈیکل ہیلتھ کیئر کے بانی اور صدر ڈاکٹر نواب شفیع الملک نے اس تعاون کے تبدیلی کے وژن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈی وائی پاٹل گروپ کے ساتھ ہماری شراکت داری اور مشترکہ وژن ایک اہم تاریخی معاہدہ ہے جو صحت کی نگہداشت میں تیزی سے جاری اختراع اور جامعیت کے لئے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
نئے اقدام میں دنیا بھر میں ملک میڈیکل ورچوئل ہاسپٹل ایکو سسٹم متعارف کرایا گیا ہے ، جو پہلے ہی زمبابوے اور پاپوا نیو گنی جیسے ممالک میں کام کررہا ہے اور دوسرے علاقوں میں نفاذ کے اگلے مراحل میں ہے۔ اس جامع ہیلتھ کیئر پلیٹ فارم کو ملک میڈیکل ایپ اور ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم کی مدد بھی حاصل ہے جو اس وقت 170 سے زائد ممالک میں دستیاب ہے، جو 24/7 ٹیلی ہیلتھ کے ساتھ رعایتی ادویات کی ڈور اسٹیپ فری فراہمی، زندگی بچانے والی اسمارٹ ایمبولینسز، موبائل کلینکس اور 24 گھنٹے گھریلو دیکھ بھال کی سہولت سمیت متعدد ضروری خدمات پیش کرتا ہے۔
ملک انٹرنیشنل کے چیئرمین شجیع الملک کا کہنا ہے کہ ہماری عالمی سرمایہ کاری ملک گروپ کے موثر سماجی تبدیلی لانے کے دیرینہ عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ ہم پائیدار اور جامع ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مقامی برادریوں اور حکومتوں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں۔